منگلورو ،14؍ جنوری (ایس او نیوز) سورتکل کے پاس چیلائرو میں ریلوے پُل کے پاس چٹان کھسکنے اور اس کی مٹی کھدائی کرنے والے مزدوروں پر گرنے کا معاملہ پیش آج صبح پیش آیا جس میں ایک مزدور ہلاک ہوگیا اور دوسرے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ہلاک ہوئے مزدور کا نام اوبالیشورا ہے ۔ ریلوے پُل کے اوپر پٹریوں کو سیدھا کیا جا رہا تھا اور پُل کے نیچے پہاڑی حصے کی کھدائی چل رہی تھی ۔ اسی دوران اچانک ایک ٹرین پُل پر سے گزری تو پہاڑ کا اوپری حصہ کھسک گیا اور پُل کے نیچے کھدائی میں مصروف اوبالیشورا، گووندپّا ، تیمپّا، ایرنّا ، سنجیوا اور اس کی بیوی ریکھا کے اوپر گر گیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ اوبالیشورا اور گووندپّا کے اوپر بہت زیادہ مٹی گر گئی تھی اس لئے انہیں فوراً قریبی اسپتال لے جایا گیا ۔ مگر اوبالیشورا نے علاج سے پہلے ہی دم توڑ دیا جبکہ گووندپّا کی حالت بہت زیادہ سنگین بتائی جا رہی ہے ۔
اس ضمن میں کیٹّا راجا نامی ایک مزدور نے سورتکل پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے ۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔